Wednesday, 15 January 2014

ڈنمارک کی سیاح کے ساتھ دہلی میں ’ریپ‘


بھارتی دارالحکومت دہلی کا قلب تصور کیے جانے والے کناٹ پلیس علاقے میں ڈنمارک کی ایک 51 سالہ خاتون سیاح کے ساتھ مبینہ ریپ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈنمارک کی یہ سیاح راستہ بھٹک گئیں تھیں اور انھوں نے بعض افراد سے مدد مانگی تھی جنھوں نے ان کے ساتھ ریپ کیا۔
دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے بی بی سی کو بتایا: ’وہ پہاڑ گنج میں ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھیں۔ رات دیر گئے وہ ہوٹل لوٹ رہی تھیں کہ راستہ بھٹک گئیں۔ پہلے تو کچھ لوگوں نے انھیں لوٹا اور پھر ان کا ریپ ہوا۔ جب وہ ہوٹل پہنچیں تو انھوں نے مینیجر کو بتایا اور پھر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد کارروائی شروع کر دی ہے۔‘
بی بی سی کے نامہ نگار دلنواز پاشا کے مطابق اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گيا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
راجن بھگت کے مطابق اس واقعے میں یقینی طور پر کئی افراد شامل تھے۔
متاثرہ خاتون گذشتہ ایک ہفتے سے بھارت میں مقیم تھیں۔ وہ دہلی سے تقریبا 200 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع معروف شہر آگرہ گئی تھیں جہاں سے وہ گذشتہ روز منگل کو ہی نئی دہلی پہنچی تھیں۔
اگرچہ دہلی میں موجود ڈنمارک کے سفارت خانے نے اس معاملے میں ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے تاہم پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اب ملک میں نہیں ہیں۔
دہلی پولیس اس بابت تفتیش کر رہی ہے اور بعض لوگوں کو حراست میں بھی لیا گيا ہے
انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’وہ اب بھارت میں نہیں ہیں۔ ان کی فلائٹ پہلے سے ہی طے تھی اور مقررہ وقت پر آج (بدھ) کو وہ ملک سے باہر چلی گئی ہیں۔‘
اس سے پہلے کچھ دنوں قبل دارالحکومت ہی میں پولینڈ کی ایک خاتون کے ساتھ ٹیکسی ڈرائیور کے ہاتھوں ریپ کا معاملہ پیش آیا تھا۔
گذشتہ ماہ بھارت میں 16 دسمبر 2012 میں چلتی ہوئی ایک بس میں اجتماعی ریپ کے واقعے کا ایک سال پورا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ اس حادثے کے بعد ملک بھر میں خواتین کے تحفظ کا مسئلہ زور شور سے اٹھایا گیا تھا اور اس کے خلاف سخت قوانین وضع کیے گئے تھے۔
لیکن ان سب کے باوجود اس دوران غیر ملکی خواتین کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں اور ریپ کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔
بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں جولائی کے مہینے میں ایک امریکی سیاح کے ساتھ اجتماعی ریپ کے معاملے میں گذشتہ ماہ ایک مقامی عدالت نے نیپال کے تین باشندوں کو 20-20 سال کی سزا سنائی تھی۔
دوسری جانب گذشتہ جولائی میں مدھیہ پردیش کی ایک عدالت نے سوئٹزرلینڈ کی ایک 39 سالہ خاتون کے ساتھ ریپ کے معاملے میں چھ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

0 comments:

Post a Comment