Thursday, 16 January 2014

دلی پولیس کو اروند کیجریوال کا چیلنج


دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی پولیس پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی پولیس ریاست میں جرائم روکنے میں ان کی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔
جمعرات کو دہلی سیکرٹیریٹ میں اپنے دو وزرا سومناتھ بھارتی اور راکھی بڑلا کے ساتھ پریس كانفرنس کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ اگر دہلی پولیس کا رویہ وزرا کے ساتھ ایسا ہے تو عام عوام کے ساتھ کیسا ہوگا۔
کیجریوال نے سخت تیور دکھاتے ہوئے کہا: ’آج ہم مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ کہہ رہے ہیں کہ آپ ان تمام ایس ایچ اوز کو معطل کریں۔ اگر انھیں معطل نہیں کیا جاتا تو دہلی کے عوام خاموش نہیں بیٹھنے والے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’اگر آپ کے سامنے جرم ہو رہا ہے تو کیا آپ نہیں چاہیں گے کہ پولیس کارروائی کرے؟ یہیں سے تو ریپ شروع ہوتے ہیں۔‘
دہلی کے وزیروں اور پولیس کے درمیان جھگڑے کے بارے میں کیجریوال نے کہا: ’دہلی پولیس کہہ رہی ہے کہ وزیر دخل دے رہے ہیں، جبکہ دہلی کے وزیر مطالبہ کر رہے ہیں کہ پولیس کارروائی کرے۔ تو کیا یہ ان کے کام کے اندر رکاوٹ ڈالنا ہے؟ اگر یہ رکاوٹ ڈالنا ہے تو پوری دہلی ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے والی ہے۔‘
کیجریوال نے دہلی پولیس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا: ’میں کل گورنر اور پولیس کمیشنر سے مل رہا ہوں اور وہاں سختی سے اپنی بات رکھنے والا ہوں۔‘

0 comments:

Post a Comment