Tuesday, 14 January 2014

عید میلاد النبی ﷺ؛ گلی گلی محافل درود و سلام، فضائیں ’’یارسول اللہ‘‘ کی صداؤں سے معطر


ملک بھر میں عاشقان رسول کی جانب سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایان شان انداز میں منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں گلی گلی آقا کی آمد کی خوشی میں محافل نعت و سلام کا انعقاد اور جلوس نکالے جارہے ہیں۔
عاشقان رسول کی جانب سے ملک بھر میں گزشتہ روز نماز مغرب کے ساتھ ہی خاتم النبین، سید المرسلین آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے اور گاؤں کی گلیاں، کوچے، بازار اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے جبکہ اہم عمارات، مارکیٹوں، بازاروں اور چوراہوں کو برقی قمقموں اور آرائشی سامان کے ذریعے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے،اس کے علاوہ گھروں میں چراغاں کیا گیا ہے، مساجد میں رسول اللہ کی سیرت مبارکہ اور سنتوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جارہی ہے، کئی مقامات پر محافل نعت و سلام کی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جس میں رسول اللہ کی شان میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے جارہے ہیں، بعض مقامات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک سمیت دیگر متبرک اشیا کے دیدار کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی مقامات پر لنگر اور شربت کی تقسیم بھی جاری ہے اور ان تمام تقاریب کا سلسلہ آج بھی نماز مغرب تک جاری رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا اور لاکھوں فرزندان توحید نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بارگاہ رب العزت میں آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں، اس کے علاوہ شہر شہر، نگر نگر ہر جگہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے چاہنے والوں کی جانب سے جلوس نکالے جارہے ہیں جس میں ہر عمر کے بچے ، بوڑھے اور جوان شریک ہیں اور اپنے آقا کے دنیا میں آنے کی خوشیاں منارہے ہیں، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نبی آخر الزماں کے چاہنے والوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے جہاں مختلف علاقوں میں سیکڑوں جلوس نکالے جائیں گے تاہم مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے تہنیتی اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
اس موقع پر امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ کے مطابق کالعدم تنظیم کے دہشت گرد ربیع الاول کے جلوسوں پر خود کش حملہ کرسکتے ہیں اور اس سلسلے میں دہشت گرد ممکنہ طور پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کارروائی کر سکتے ہیں۔ نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل نے جڑواں شہروں کی پولیس اور انتظامیہ کو آگاہ کردیا جس کے بعد راول پنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے۔ کراچی میں بھی کسی  ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کے خصوصی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ اہم مقامات کی خصوصی نگرانی کی جارہی ہے، بلند و بالا عمارات پر خصوصی نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے جبکہ شہر کے تمام اسپتالوں میں بھی اینرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔
داتا کی نگری لاہور میں بھی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر سیکیورٹی پلان تشکیل دے گیا ہے، اہم ہوٹلوں، سرائے اور بس اڈوں کی چیکنگ جاری ہے جبکہ 10 ہزار پولیس اہل کار اور 4 ہزار رضاکار جلوسوں کی نگرانی کریں گے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے۔

0 comments:

Post a Comment